مون سون کی بارشیں معمول کے مطابق ہونگی جنوبی علاقوںمیں کم بارشوں کی وجہ سے خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے ،محکمہ موسمیات
اسلام آباد (اے پی پی) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جولائی سے ستمبر تک کے پہلے نصف میں ملک میں مون سون کی بارشیں معمول کے مطابق ہونگی ۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ آل نینو سدرن اوسیلیشن اور انڈین اوشن ڈائی پول کے ماڈلوں کی وجہ سے غیر یقینی خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے تاہم ان تمام ماڈلوں سے مون سون کے سیزن میں ایک نیوٹرل فیز کی تصدیق ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی کے مہینے میں مون سون کی بارشیں معمول کے مطابق ہونگی تاہم اگست اور ستمبر میں صورتحال کچھ غیر معمولی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے جنوبی علاقوںمیں مون سون کی کم بارشوں کی وجہ سے خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیزن کے دوران علاقائی بنیادوں پر بارشوں کے نظام کی تشکیل کی وجہ سے شدید بارشوں کے باعث سیلاب کی صورتحال پیش آسکتی ہے ۔ ایسی صورتحال کے پہاڑی علاقوں میں رونما ہونے کی زیادہ امکانات ہیں اس حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی عوامل اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں گلیشیئروں کے پگھلنے کی وجہ سے بھی سیلاب آنے کا خدشہ ہے ۔