فلسطین عرب دنیا کا نہیں مسلم امہ اور انسانیت کا مسئلہ ہے،فیصل کریم کنڈی

19 جون 2017

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے تحت منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی کاکہنا تھا کہ عالمی سامراجی قوتیں مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے لئے مسلم دنیا کو دہشت گردی سمیت معاشی مسائل میں الجھا رہی ہیں تا کہ اسرائیل کو تحفظ فراہم ہو سکے انکاکہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین صرف عرب دنیا کا ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور انسانیت کا اولین مسئلہ ہے اور اس کے منصفانہ حل کے بغیر خطے سمیت عالمی امن قائم نہیں ہو سکتا ہے، انہوںنے مزید کہا کہ فلسطین میں قبلہ اول پر صیہونی غاصبانہ تسلط کا خاتمہ صرف اور صرف مسلمانوں کے اتحاد سے ہی ممکن ہے انہوںنے مظلوم فلسطینیوں پر صیہونی مظالم کے نہ رکنے والے ستر سالہ سلسلہ کی بھی شدید مذمت کی۔اسلام آبادمیں منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ خٹک، مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر، فلسطین فاونڈیشن کے ترجمان صابر کربلائی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما جواد کاظمی،تاجر رہنما اجمل بلوچ اورکاشف اقبال سمیت دیگر نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کاز کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے ساتھ کسی قسم کی نا انصافی نہیں ہونے دیں گے، انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان کے عوام رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منائیں اور حکومت یوم القدس کی تقریبات کو سرکاری سطح پو مناتے ہوئے یوم القدس کو سرکاری دن منانے کا اعلان کرے۔