قرآن پاک انسانوں کی فلاح و ہدایت کا سرچشمہ ہے

19 جون 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جامع مسجد عمر ایچ/8 قبرستان اسلام آباد میں جشن نزول قرآن مجید کی محفل منعقد ہوئی۔ جس کا اہتمام پیرزادہ ساجد محمود چشتی‘ قاری فدا الرحمن قریشی و دیگر نے کیا۔تقریب میں ممتاز عالم دین صاحبزادہ علامہ قاری سعید احمد جلالی‘ نقیب محفل شیخ امجد حسین نقشبندی معروف نعت خواں صاحبزادہ طاہر مجید‘ علامہ قاری امجد و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر قاری علامہ سعید احمد جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس ماہ مبارک میں اﷲ کے ذکر کی محفلیں سجا کر حقیقی معنوں میں اس ماہ مبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے فیض یاب ہوتے ہیں۔ رمضان المبارک رحمت‘ بخشش و مغفرت کی نوید لئے ہوئے ہے۔بابرکت مہینے میں نزول قرآن پاک ہوا۔رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں صبر وبرداشت اور اپنے دوسرے مسلمان بھائیوں کے دکھوں اور محرومیوں کو سمجھنے اور انہیں دور کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ جس پر عمل کرکے ہم اصل معنوں میں ایک فلاحی اسلامی معاشرے کی بنیاد قائم کرسکتے ہیں۔ علامہ سعید جلالی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اس وقت مسلم امہ کو جو مسائل درپیش ہیں انکا واحد حل قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے کیونکہ قرآن پاک روز قیامت تک تمام انسانوں کی ہدایت و فلاح کا واحد ذریعہ ہے۔