تھر میں لوگ قحط سالی‘ بھوک و افلاس سے مر رہے ہیں‘ انور گجر

19 جون 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد انور گجر‘ کراچی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پارٹی کے چیئرمین سردار ممتاز علی بھٹو سندھ کے نااہل‘ کرپٹ‘ بدکردار حکمرانوں سے نجات کےلئے آج سے تحریک کی شروعات کر کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور ضلع ملیر کا دورہ کر کے گلشن حدید میں سندھ نیشنل فرنٹ کراچی ڈویژن کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر میں شرکت کر کے پارٹی ورکروں اور عوام سے اہم خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی کی سندھ حکومت 9 سال سے عوام کےلئے عذاب بن کر ظلم و زیادتیوں کا نشانہ بنا رہی ہے اور اب تو سندھ کے عوام کی جان کی بھی دشمن بن گئی ہے زرداری پارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار کے باعث تھر میں غربت‘ بھوک و افلاس اور قحط سالی کے باعث عوام کی ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور معصوم بچے‘ خواتین‘ بزرگ اور نوجوان بڑی تعداد میں موت کی آغوش میں جا رہے ہیں‘ خوراک و ادویات نہ ہونے کے باعث انسان تو انسان جانوروں کا بھی زندہ رہنا مشکل ہو گیا ہے لیکن حکمران ٹولہ تھر کے غریب لوگوں کی جانیں بچانے کے بجائے صرف لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہے اور تھر کے غریب عوام کےلئے رکھا گیا پیسہ بھی ڈکار گئے ہیں‘ زرداری کی سندھ حکومت مزید اقتدار میں رہی تو یہ لوگ پورے سندھ کو تھر اور ریگستان بنا دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دھرتی کا نمک کھانے والے عوام کو ان دھرتی دشمن حکمرانوں سے نجات کےلئے سندھ نیشنل فرنٹ کا ساتھ دینے کےلئے میدان میں آنا ہو گا کیونکہ سندھ نیشنل فرنٹ ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو ان کرپٹ‘ بے ایمان زرداری ٹولے کے خلاف میدان میں نکل کر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر کے عوام کے حقوق اور دھرتی کے تحفظ کےلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

افلاس

معصوم بچیوں پر ستم کی شرمناک کہانیوں کی ایک لام ڈوری بندھی ہے کہ ختم ہونے میں ...