9 جولائی کو عوام کرپٹ سیاسی جماعتوں کومسترد کریں گے‘ حافظ نعیم

19 جون 2017

کراچی (نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سال 2018کراچی میں تبدیلی کا سال ہوگااور اس تبدیلی کی بنیاد عوام پی ایس 114کے ضمنی الیکشن میں 9جولائی کو رکھیں گے ،2018کے انتخابات میںشہرکراچی کے عوام بھتہ خوروں ، چور لٹیروں اور کرپٹ سیاسی جماعتوں کو مسترد کر دیں گے اور شہر میں ایک نئی سیاسی اننگ شروع ہوگی ، توقع ہے کہ عوام کی رائے کو دبانے کی کوشش کی نہیں کی جائے گی روایتی انتخابی کھیل کی بجائے سب کے لئے میدان کھلا رکھا جائے گا سازگارسیاسی فضا میں انتخابی اشتراک عمل کا امکان ہے۔ وہ پی ایس 114اختر کالونی سیکٹر سی میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر پی ایس 114میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ظہور احمد جدون اور زون اختر کالونی کے امیر غیاث عباسی بھی موجود تھے۔ اس موقع پرمسیحی برادری نے ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ، اختر کالونی میں مسیحی برادری اعجاز فوجی ، چوہدری شیرا امانول حاکم بمعہ نہارا برادری ، جیمز ایڈوکیٹ ، البرٹ جان ، عباس ، پطرس جیمز، ہارون اور یاسر خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جماعت اسلامی کے نامزد امیدوارظہور احمد جدون کی حمایت کا اعلان کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہو یا ایم کیو ایم شہر کراچی کی بربادی کی ذمہ دار یہ دونوں جماعتیں ہیں ، جنہوں نے شہر پر حکمرانی تو کی لیکن شہر کی تعمیر ترقی کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ظہور احمد جدون نے کہا کہ 9جولائی ترازو کی کامیابی کا دن ہوگا، ہم نے اس حلقے کے عوام کی خدمت کی ہے ان کے بنیادی مسائل جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی حل کئے۔