زبردستی زکوٰة اور فطرہ لینے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے: افضال احمد

19 جون 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے سابق انفارمیشن سیکرٹری افضال احمد‘ احمد فہیم‘ سید اعجاز الدین شاہ‘ اسماعیل کھتری‘ طارق نعیم‘ حسین ابراہیم کاکا‘ شیر افضل تنولی‘ ذاکر بلتی‘ محمد اصغر لعل‘ ڈاکٹر ناصر‘ نثار ایڈووکیٹ‘ فرحان شبیر‘ رفاقت حسین‘ سید مسعود حسین‘ گل خان و دیگر نے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال‘ ڈی جی رینجرز‘ آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں زبردستی زکوٰة و فطرہ وصول کرنے والے بھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے‘ تاجر حضرات‘ مخیر حضرات اور مارکیٹ یونینز کے عہدیداروں کو تحفظ فراہم کریں اور جرائم پیشہ افراد پر مکمل نظر رکھیں‘ روپوش بھتہ خوروں کو جبری زکوٰة و فطرہ لینے سے روکیں‘ زکوٰة وفطرہ دینی فریضہ ہے اس دینی فریضہ کو عوام کو مطمئن ہو کر اپنی مرضی سے ادا کرنے کا حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اسٹریٹ کرائمز میں ملوث مجرم بھتہ خور‘ ڈکیتیاں کرنے‘ موبائل چھیننے والے دیدہ دلیری سے زکوٰة و فطرہ کی وصولی کےلئے تاجر برادری کو ہراساں کر رہے ہیں۔