اُمت کو اتحاد، پاکستان کو ناانصافی سے نجات کی ضرورت ہے: طاہر القادری

19 جون 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ٹاﺅن شپ شہر اعتکاف میں ہزاروں شرکائے اعتکاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو اتحاد اور پاکستان کو ناانصافی سے نجات کی ضرورت ہے۔ نااہلی، اقتدار اور پیسے کی ہوس معاشرتی اقدار کو گھن کی طرح چاٹ گئی۔ نوجوان عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور اپنے اخلاق کو سنوارنے پر توجہ دیں۔ نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں، شہراعتکاف میں ملک بھر اور بیرونی دنیا سے سے آئے ہوئے ہزاروں افراد شریک تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے اخلاق حسنہ کے موضوع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، امیر تحریک فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈاپور، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، حماد المصطفیٰ، رانا محمد ادریس و دیگر رہنماسٹیج پر موجود تھے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم کی نبوت کے منصب پر فائز ہونے سے قبل کی شہرت ایک صادق، امین، سچے اور دیانت دار کی تھی، کفار بھی بے دھڑک اپنے مال و اسباب کو بطور امانت آپ کے پاس رکھواتے تھے، مکہ کے امرائ، غربا دل و جان سے سمجھتے تھے آپ سچے ہیں۔ کسی بھی قوم کے لیڈر کیلئے اس کا امین اور سچا ہونا بنیادی تقاضا ہے، جو لیڈر امین اور صادق نہیں وہ قیادت کا اہل نہیں۔ امسال شہر اعتکاف میں شریک افراد کیلئے قرآن پاک کو قواعد کی رو سے پڑھانے اور سکھانے کے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا ہے۔
طاہر القادری