چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل پاکستان ٹیم کے جیتنے پر پاکستانی شائقین لندن کی سڑکوں پر نکل آئے

19 جون 2017

لندن(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل پاکستان ٹیم کے جیتنے کے بعد انگلینڈ بھر میں پاکستانی شائقین سڑکوں پر نکل آئے اور ڈھول کی تھاپ اور میوزک لگا کر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ لندن، مانچیسٹر، برمنگھم، سکاٹ لینڈ، کارڈف، لیڈز، بریڈفرڈ، ہر شہر میں پاکستانی شائقین نے قومی ٹیم کی جیت کا جشن منایا اور افطاری کے بعد مٹھائیاں تقسیم کیں۔ شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے بھارت کو شکست دیکر پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا ہے۔ بھارت کرکٹ کا بے تاج بادشاہ بنا پھرتا تھا اس کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔پاکستانی کھلاڑیوں نے عید کا تحفہ دیدیا ہے۔ اوول کی تاریخی گراونڈ کے باہر پاکستانی شائقین نعرے لگاتے رہے۔