آئی سی سی چمپئنز ٹرافی فائنل ، پاکستانی قوم کرکٹ بخار میں مبتلا رہی

19 جون 2017

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریفوں پاکستان اوربھارت کے درمیان مقابلے کے باعث پاکستانی قوم کرکٹ بخار میں مبتلا رہی ،میچ کے باعث تمام شیڈول سر گرمیاں معطل کر دی گئیں اور میچ کے اختتام تک بازاروں میں بھی خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے روایتی حریف بھارت سے مقابلے کے باعث شائقین کرکٹ اور عوام اپنی تمام سر گرمیوں کو پس پشت ڈال کر ٹی وی کے آگے جم کر بیٹھے رہے ۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جہاں تعطیل کے روز بازاروں میں خریداروں کا انتہائی رش ہوتا ہے تاہم گزشتہ روز تمام چھوٹے بڑے بازاروںمیں خریداروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی اور اکا دُکا شہری ہی خریداری کے لئے آتے رہے جس کے باعث دکاندار بھی میچ دیکھنے میں مصروف رہے ۔