کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے کو مزید گرائونڈ ز فراہم کریں گے ، ناصر عباس

19 جون 2017

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری فائیواے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ناصر عباس نے کہا کہ کے ایچ اے کو کراچی میں مزید ہاکی گرائونڈز بنانے کے لئے جگہ دی جائے گی تاکہ قومی کھیل کو ایک بار پھر گراس روٹ لیول پر فروغ مل سکے ۔وہ میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔اس موقع پر کے ایچ اے کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ ،سیکریٹری سید حیدر حسین اور دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ناصر عباس نے مزید کہا کہ رمضان کی مناسبت سے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ بہت بہترین ہو رہا ہے ، پہلی بار اس گرائونڈ میں بچھائی گئی آسٹروٹرف پر بچوں کو میچ کھیلتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ بہت تیز ہاکی ہو رہی ہے پہلے جو ہاکی ہوتی تھی وہ اتنی تیز نہیں تھی اس میں وقفہ بھی ہوتا تھا جس سے کھلاڑیوں کو تھوڑا آرام کرنے کا موقع ملتا تھا اس طرح کی ہاکی سے بچوں میں ٹیلنٹ کو ابھارنے کا موقع ملتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں بہت سے انعامات بھی رکھے گئے ہیں جو بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بہت ضروری ہے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے درخواست کی ہے کہ ان کو کراچی میں اور گرائونڈ بنانے کے لئے جگہ دی جائے میری کوشش ہوگی کہ میں انہیں ایک دو گرائونڈ دے سکوں تاکہ اس میں آسٹروٹرف لگا کر مزید بچوں کو کھیلنے کا موقع ملے اور ماضی کی طرح کراچی سے بھی ہاکی کے با صلاحیت کھلاڑی سامنے آسکیں گے ۔اس موقع پرکے ایچ اے کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ فائیو اے سائیڈ ٹورنامنٹ کروانے کا یہ فیصلہ کے ایچ اے کا بہت اچھا ہے۔ انٹردسٹرکٹ تقریبا 20 سال سے رکا ہوا تھا اس ٹورنامنٹ کے ذریعے دوبارہ سے بحال ہوئی ہے کسی بھی ٹیم میں جگہ بنانا کھلاڑی کے لئے بڑے فخر کی بات ہوتی ہے آج یہ بچے انٹردسٹرکٹ کھیل رہے ہیں انشاء اللہ کھیل پاکستان کے لئے بھی کھیلیں گے۔ رمضان کے بعد انٹراسکول ٹورنامنٹ کروانے کا پروگرام ہے اور اس ٹورنامنٹ سے جو بچے نکلیں گے انہیں ہم اپنی کے ایچ اے کی اکیڈمی میں سی کیٹیگری میں لیں گے جس کی عمر کی حد 16سال ہے۔