بحریہ ٹائون کا فخر زمان کو ایک کنال پلاٹ کھلاڑیوں کیلئے 10،10لاکھ کا اعلان

19 جون 2017

کراچی (پ ر) بحریہ ٹاؤن کراچی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف کامیاب سنچری سکور کرنے پر پاکستانی اوپنر فخر زمان کیلئے ایک کنال کے پلاٹ جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کیلئے دس دس لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض حسین اور سی ای او احمد علی ریاض ملک نے قومی ٹیم کو شاندار کامیابی پر مباکباد دی۔ ان کا کہنا تھا فخر زمان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی کامیاب اننگز کی بدولت پاکستان نے تاریخی میچ میں بھارت کو شکست دیتے ہوئے کامیابی سمیٹی۔ بحریہ ٹاؤن ملک میں کھیلوںکے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں زیر تعمیر ہے جس میں پچاس ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے جو آئندہ ڈیڑھ سے دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ بحریہ ٹاؤن کراچی میں سب سے بڑے سٹیڈیم سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی راہیں کھلیں گی۔ بحریہ ٹاؤن ملک میں نہ صرف کرکٹ بلکہ دوسرے کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی پر عزم ہے۔ اس سلسلے میںکراچی میں پی جی اے سٹینڈرڈ 36ہول گالف کورس بھی تعمیر کیا جارہا ہے جو کہ رواں برس مکمل کر لیا جائیگا۔ اس کے ساتھ چند روز قبل بحریہ ٹاؤن میں ڈانسنگ فاؤنٹین کا بھی مظاہرہ کیا گیا تھا۔ جو شہریوں کیلئے ایک منفرد اور لطف اندوز تجربہ تھا۔ واضح رہے بحریہ ٹاؤن ہمیشہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے پیش پیش رہا ہے اور اس سے قبل بھی نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جاتا رہا ہے۔