پرتگال کے جنگل میں آگ لگنے سے 60 افراد ہلاک‘ 59 زخمی

19 جون 2017

لزبن (این این آئی) جنوبی یورپی ملک پرتگال کے جنگل میں آتشزدگی کے واقعہ میں 60 افراد ہلاک اور 59 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پرتگال کے علاقے جو پیڈروگاو¿ گرینڈ کے جنگل میں لگنے والی خوفناک آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کے مطابق مقامی آبادی نے گاڑیوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں راستہ نہ ملا اور وہ شعلوں میں گھر کررہ گئے جس کے باعث زیادہ تر افراد اپنی گاڑیوں میں ہی زندہ جل گئے جبکہ کچھ ہلاکتیں دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق متعدد افراد اب بھی متاثرہ علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ بعض زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ دوسری جانب پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک درخت پر بجلی گرنے کی وجہ سے آگ لگی جس نے پورے جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔