صدر‘ وزیراعظم‘ سپیکر‘ اپوزیشن لیڈر اور آرمی چیف کی ٹیم کو مبارکباد

19 جون 2017

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) بھارت کے خلاف پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں تاریخی فتح پر صدر‘ وزیراعظم‘ قومی اسمبلی کے سپیکر‘ اپوزیشن لیڈر‘ چیف آف آرمی سٹاف‘ پاک فضائیہ ‘ بحریہ کے سربراہوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی ہے۔ صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کپتان سرفراز احمد اور تمام کھلاڑیوں کی بھارت کے خلاف فتح پر مبارک باد دی۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی قومی ٹیم کو شاندار کھیل پیش کرنے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیم نے انتہائی محنت سے شاندار کھیل کر پاکستان کے لئے ایک عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔ قومی اسمبلی کے سپیکر‘ ڈپٹی سپیکر نے بھی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی کرکٹ ٹیم کو شاندار کھیل پیش کرنے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔