گورنر سندھ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے گھر پہنچ گئے

19 جون 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر‘ گورنر سندھ محمد زبیر کے ہمراہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے گھر پہنچ گئے انہوں نے سرفراز احمد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور پاکستانی ٹیم کی تاریخی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ میئر کراچی اور گورنر سندھ نے سرفراز احمد کے اہل خانہ کو مٹھائی بھی پیش کی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے تھے اور دونوں رہنماﺅں کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ یہ پاکستان کی تاریخی فتح ہے اور سرفراز احمد کی شاندار کپتانی میں پاکستان ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس موقع پر میئر کراچی نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا وطن واپسی پر ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا جائے گا اور کراچی کے شہریوں کے ساتھ وہ خود ایئر پورٹ پر موجود ہوں گے۔ گورنر سندھ نے کہاکہ وہ وزیراعظم نوازشریف سے کہیں گے کہ قومی ٹیم کو انعام سے نوازا جائے۔
گورنر/ میئر کراچی پہنچ گئے