کسی بھی وقت انتخابات یا تحریک کا اعلان ہوسکتا ہے: فواد چودھری
لاہور(آن لائن)تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی وقت عام انتخابات یا کسی تحریک کااعلان ہوسکتا ہے، تحریک انصاف نے کارکنوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 22جون کے بعد کسی بھی وقت فیصلہ آسکتا ہے ۔سپریم کورٹ میں اپارٹمنٹس کے بارے میں جواب نہیں دیا گیا اور جو شہادتیں موجود ہیں یہ لوگ انھیں چھپانا چاہتے ہیں ۔حدیبیہ پیپر ملز بہت بڑا سکینڈل ہے جبکہ شریف خاندان جتنا اس دلدل سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے اتنا پھنس رہے ہیں۔تاریخ رقم نہیں کرنی انہوں نے رقم واپس کرنی ہے اور پرندے کی طرح یہ لوگ جال میں پھڑ پھڑا رہے ہیں۔حدیبیہ کی رقم موٹروے کے کمیشن سے آئی تھی اور ہم کہہ رہے تھے کہ بڑے منصوبوں میںکمشن ہے۔ پنجاب میں شہبازشریف نے 80 ہزار کروڑ روپے کا کام کیا ہے جبکہ گھراورسستی روٹی سمیت دیگر منصوبوں میں کرپشن ہوئی ۔انہوں نے کہا ریکارڈ مل جائے تو چوریوں کا پتہ چل جائے گا۔انعام الرحمان کو تحفظ فراہم کیا جائے،وہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا چاہتے ہیں۔کرپشن ایک ناسور ہے مگر منی لانڈرنگ اس سے بڑا جرم ہے، ایک تو کرپشن کی گئی دوسرا وہ رقم ملک سے باہر لے گئے۔جے آئی ٹی نے عید سے قبل اپنی 15 روزہ رپورٹ پیش کرے گی اور جس طرح تفتیش آگے بڑھی ہے امید نتیجہ جلد آجائے گا۔سپریم کورٹ کسی وقت بھی فیصلہ دے سکتی ہے تاہم عمران خان نے تمام لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے کمر کس لیں۔
فواد چودھری