افغانستان : پاکستانی قونصل خانے کے 2 اہلکار لاپتہ

19 جون 2017

اسلام آباد(آئی این پی+آئی این پی) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے کے دو افسر لاپتہ ہو گئے ہیں ، اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کیلئے معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھایا ہے ۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق افغان صوبے ننگرہار کے مرکزی شہر جلال آباد سے پاکستانی قونصلیٹ کے دو افسران 16 جون کو پاکستان آتے ہوئے لاپتہ ہو گئے۔پاکستان نے افغانستان سے مطالبہ کیا ہے جلال آباد قونصل خانے کے دو پاکستانی اہلکاروں کو جلد بازیاب کرائے جو ہفتہ کے روز براستہ سڑک پشاور آتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔ اتوار کے روز ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ دونوں اہلکاروں کی بحفاظت واپسی کیلئے افغان حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس نے اغوا کیا ہے۔ واضح رہے کہ دو ہفتے پہلے کابل سے بھی پاکستان کے دو سفارتی اہلکاروں کو اغوا کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ افغان حکام نے دفتر خارجہ کو بتایا ہے کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کی جا رہی ہیں اور لاپتہ ہونے والے پاکستانی سفارتی عملہ کے دو اہلکاروں کی باحفاظت بازیابی کیلئے تین مختلف تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پاکستان نے حکومت افغانستان سے ان دونوں اہلکاروں کی جلد بازیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر کوششوں کی درخواست کی ہے اور کہا کہ اس سنگین جرم کے مرتکبین کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی قونصل خانے کے 2 اہلکار لاپتہ ہیں جن کی محفوظ بازیابی کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبائی گورنر کے ترجمان عطاءاللہ کھوگیانی کا کہنا ہے پاکستانی سفارتکار جمعہ کی صبح پشاور کی طرف جارہے تھے کہ جلال آباد طورخم روڈ پر لاپتہ ہوگئے۔ پاکستانی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
سفارتکار/ لاپتہ

آئین سے زیادتی

چلو ایک دن آئین سے سنگین زیادتی کے ملزم کو بھی چار بار نہیں تو ایک بار سزائے ...