کولمبیا: شاپنگ مال میں بم دھماکہ 3 خواتین ہلاک 11 افراد زخمی

19 جون 2017

بگوٹا(اے این این+ آئی این پی)جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں حکام نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی ایک کارروائی میں 3 خواتین ہلاک ہو گئی ہیں۔ شہر کے شمال میں واقع ایک شاپنگ مال کے دھماکے میں یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس حملے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بگوٹا کے میئر اینرک پینالوسا نے کہا مرنے والوں میں ایک کا تعلق فرانس سے تھا۔ حکام کا خیال ہے ایک چھوٹا بم تھا جو کہ خواتین کے ٹوائلٹ میں رکھا گیا تھا۔یہ حملہ اس وقت ہوا جب شاپنگ مال میں بہت بھیڑ تھی اور لوگ 'فادرز ڈے' کے تحفے کیلئے شاپنگ مال میں خریداری کر رہے تھے۔ ایک 23 سالہ فرانسیسی خاتون جو کہ شہر کے جنوب میں واقع ایک سکول رضاکارانہ طور پر کام کرتی تھیں مہلوکین کی سب سے پہلے شناخت ہوئی ہے۔ہلاک ہونے والی دو دوسری خواتین کی عمر 27 اور 31 سال بتائی جاتی ہے لیکن ان کی شہریت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ شہر کے میئر اینرک پینالوسا نے کہا بزدلانہ دہشت گرد حملہ ہے۔ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ حملے کے پس پشت کون تھا۔
کولمبیا / حملہ