مقبوضہ کشمیر میں بھارت کیخلاف پاکستانی ٹیم کی جیت کا جشن زبردست نعرے بازی
سرینگر (نیوز ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تاریخی جیت پر اور بھارت کی ذلت آمیز ہار پر مقبوضہ کشمیر میں زبردست جشن منایا گیا تاہم شکست سے بوکھلائی بھارتی فوج نے گھروں میں گھس کر کشمیری عورتوں‘ بچوں اور مردوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے 35 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سری نگر‘ بارہمولا شوپیاں سمیت کشمیر بھر میں پاکستان بھارت کرکٹ میچ کے فائنل پر ہو کا عالم تھا تاہم پاکستانی بلے بازوں کے ہاتھوں بھارتی بالروں کی پٹائی شروع ہونے پر پاکستان زندہ باد اور آزادی کے نعرے گونجنے لگے‘ کریکر چھوڑے جانے لگے‘ پاکستانی ٹیم کی عظیم الشان کامیابی پر کشمیری نوجوان‘ عورتیں‘ بچے اور بوڑھے پاکستان زندہ باد اور آزادی کے نعرے لگاتے گھروں سے باہر آ گئے‘ نوجوان خوشی سے ناچنے لگے جبکہ جگہ جگہ آتشبازی سے تاریکی میں ڈوبی وادی کشمیر روشن ہو گئی۔ ادھر بھارت کی ذلت آمیز شکست سے جلے ہوئے بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں پر بلاوجہ وحشیانہ تشدد کرکے اپنا غصہ نکالا‘ شوپیاں میں درجنوں بھارتی فوجی فیاض احمد لون‘ غلام حسن‘ عبدالعزیز لون‘ غلام حسن ڈار سمیت دیگر کشمیریوں کے گھروں میں دیواریں پھاند کر داخل ہو گئے اور مکینوں پر بلااشتعال وحشیانہ تشدد شروع کر دیا جس سے 35 افراد شدید زخمی ہوئے ان میں 12عورتیں بھی شامل ہیں‘ کئی افراد کے بازو رائفلوں کے بٹ لگنے سے ٹوٹ گئے‘ فوجیوں نے گھروں کا قیمتی سامان‘ کھڑکیاں دروازے اور شیشے توڑ ڈالے او رقیمتی اشیا لوٹ لیں‘ کئی زخمیوں کو بعدازاں شیر کشمیر ہسپتال سری نیگر ریفر کر دیا گیا۔ قبل ازیں پلوامہ میں بھارت مخالف مظاہرے کے دوران بھارتی فورسز کی فائرنگ سے اعجاز احمد نامی نوجوان شہید ہو گیا۔ بڈگام‘ بیج بہاڑہ اور دیگر علاقوں سے مظاہروں کی اطلاعات ہیں۔ کرفیو اور سخت سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بدستور بند رہی۔ کشمیریوں نے پاکستان زندہ باد اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت کا جشن منانے والوں پر قابض بھارتی فورسز نے دھاوا بول دیا۔بھارتی فوجیوں نے ہوائی فائرنگ کی اور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔دوسری طرف کشمیری حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق اور ترک صدر طیب اردگان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی ہے۔ ترک صدر نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کو قومی ٹیم کی جیت پر مبارکباد دی۔ کشمیری حریت رہنماءمیر واعظ عمر فاروق نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ٹیم پاکستان کی فتح پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی پر پورے مقبوضہ کشمیر میں ہر جانب آتشبازی کا مظاہرہ ہو رہا ہے جس سے یوں لگتا ہے کہ عید سے پہلے عید آگئی ہے۔
مقبوضہ کشمیر/ جشن