امریکی جنگی بحری جہاز کے لاپتہ 7 اہلکاروں کی نعشیں برآمد
واشنگٹن/ٹوکیو(صباح نیوز) امریکی نیوی اور جاپان کے میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی بحری جہاز کے جاپان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں عملے کے لاپتہ سات اہلکار ہلاک ہو گئے ،نعشیں مل گئی ہیں۔ یہ واقعہ ہفتہ کو علی الصبح پیش آیا تھا جس کے بعد لاپتہ ہونے والے سات اہلکاروں کی تلاش شروع کر دی گئی تھی جبکہ زخمی تین اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔ امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو جہاز کے تباہ شدہ حصوں تک رسائی حاصل کرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے سات اہلکاروں کی نعشیں اتوار کو ملیں۔امریکی نیوی کے مطابق ملنے والی لاشوں کو جاپان کے ہسپتال لے جایا جائے گا جہاں ان کی شناخت ہو گی۔ حادثہ میں بحری جنگی جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔ بی بی سی کے مطابق جس جگہ یہ ٹکر ہوئی وہ انتہائی مصروف راستہ ہے جہاں سے جہاز ٹوکیو خلیج کی جانب آمدورفت کرتے ہیں۔