ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی: علی جان خان

19 جون 2017

لاہور (نیوز رپورٹر)سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہاہے کہ ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی کارکردگی میں گذشتہ ایک سال کے دوران نمایاں بہتری آئی ہے تاہم ابھی بہت کام باقی ہے جس کے لئے تمام ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مزیدمحنت اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ فرائض سرانجام دینا ہوں گے - انہوں نے کہاکہ ان ہسپتالوں کا گذشتہ سال نان سیلری بجٹ 6 ارب روپے تھا جو بڑھ کر بارہ ارب روپے ہوگیا اور وزیراعلی محمدشہبازشریف ہیلتھ سیکٹر کی ترقی کیلئے فراخدلی کے ساتھ فنڈز فراہم کررہے ہیں -انہو ںنے یہ بات مقامی ہوٹل میں تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی ماہانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور ، ڈائریکٹر مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر مختار حسین سید ، تمام ایڈیشنل سیکرٹریز ،PMUکے ارکان ،ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر یداللہ اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے کے 40 ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ پلان پر عملدرآمد کی رفتار کاجائزہ لیاگیا ۔