ملک معاشی طور پر ٹیک آف کرچکا ، شفافیت یقینی بنائی جائے ، مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھاسکتے : شہباز شریف

19 جون 2017

لاہور(خبر نگار)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے زرعی شعبے کو قومی معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اور شعبہ زراعت کی پائیدار بنیادوں پر ترقی اور کسانوں کی خوشحالی ہمارا مشن ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور زراعت کے فروغ اور چھوٹے کاشتکاروں کی ترقی و فلاح کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ زرعی معیشت کے فروغ اور کسانوں کو خوشحال بنانے کیلئے زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور پاک وطن کی زمین نہایت زرخیز اور ملک میں زرعی شعبے میںبڑا پوٹینشل موجود ہے، جس سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کا شتکار کی ترقی اور خوشحالی بے حد مقدم ہے کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا اور یہی وجہ ہے ہماری حکومت نے کاشتکاروںکو ریلیف دینے کیلئے ان کی مشاورت سے اقدامات کیے ہیں اور کاشتکاروں کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کیلئے اربوں روپے کا خصوصی کسان پیکیج دیا گیا ہے۔ اربوں روپے کا کسان پیکیج دے کر سبز انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور کسان پیکیج کی پائی پائی کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے پر خرچ کی جارہی ہے۔ اربوں روپے کے کسان پیکیج کے زرعی شعبے پر انتہائی اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور کسان پیکیج کے ذریعے کاشتکاروں کو ان کا حق دیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا زراعت، آبپاشی، لائیوسٹاک، جنگلات، ماہی پروری اور خوراک کے لئے آئندہ مالی سال کے لئے مجموعی طور پر 140ارب 50کروڑ روپے کی خطیررقم مختص کی گئی ہے جبکہ کسانوں کا خوشحالی کے لئے کھاد کی قیمتوں میں کمی کو آئندہ مالی سال میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے چھوٹے کسانوں کے معیار زندگی بلند کرنے کے لئے بجلی سے چلنے والے زرعی ٹیوب ویلوں پر 6ارب سے زائد سیلز ٹیکس خود ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہکسانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے۔ کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر انتظامی و مالی اقدام اٹھانا ہماری ذمہ داری ہے۔ زرعی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم اورچھوٹے کاشتکار کو ان کے پاﺅں پر کھڑا کریں گے۔ تاریخ میں پہلی بار کاشتکاروں کو بلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ بلاسود قرضوں کے تاریخ ساز پروگرام سے بے زمین کاشتکار بھی فائدہ اٹھائیں گے۔ ڈیجیٹل سسٹم سے قرضوں کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا قیام صوبے کے عوام کو معیاری ادویات، کھانے پینے کی اشیاءفراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم اقدام ہے ۔ پنجاب ایگریکلچر ،فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی رواں برس مکمل طور پر آپرےشنل ہوجائے گی اورکسانوں کو معیاری زرعی ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بھی یہ اتھارٹی موثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت زرعی شعبے کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی۔مزید برآں شہبازشریف مسلم لےگ (ن) کے رہنما و معروف صنعتکار چودھری احمد سعید کی رہائش گاہ گئے۔ شہباز شریف اور چودھری احمد سعید کے درمیان ملاقات ہوئی ،جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور سیاسی معاملات پربات چیت ہوئی- شہباز شریف نے اس موقع پر کہا وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک معاشی طور پر ٹیک آف کر چکا ہے-گذشتہ چار برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں -انہوں نے کہا ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ مخالفین بھی منصوبوں پر انگلی نہیں اٹھا سکتے۔ عوام سے کیے وعدے پورے کریں گے۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے یوم شہادت حضرت علی ؓکے موقع پرعوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کویقینی بنانے پر کابینہ کمیٹی برائے امن وامان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دی ہے۔ وزیراعلی نے کہا ہے متعلقہ اداروں، پولیس اور انتظامیہ نے مربوط اندازمیں کام کرتے ہوئے پر امن فضا کو یقینی بنانے کیلئے دن رات محنت کی اور تمام محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے- آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے فرائض سرانجام دینا ہوںگے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔
شہبازشریف