’’پاکستان ہر خطرے کے خلاف متحد ہے‘‘ آرمی چیف‘ کرکٹ ٹیم کو عمرہ کرانے کا اعلان‘ وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

19 جون 2017

اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں+ خصوصی نامہ نگار) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت سے طویل عرصہ بعد شاندار فتح حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ صدر نے ٹیم آفیشلز کو بھی ان کی کاوشوں پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی قومی ٹیم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کر کے ماہ رمضان میں قوم کو خوشی سے سرشار کیا، آج کے میچ میں پوری ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ بھارت کو بھاری مارجن سے شکست دینے پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے پاکستان ٹیم آئندہ بھی کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم نے ثابت کیا کہ وہ دنیا کی بہترین ٹیم ہے۔ اس نے قوم کو خوش کر دیا۔ ادھر، ترک صدر رجب طیب ادرگان نے وزیراعظم نواز شریف کے نام اپنے پیغام میں ٹیم پاکستان کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری، چودھری شجاعت‘ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف، گورنر خیبر پی کے نے بھی ٹیم کی فتح پر مبارکباد دی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ آرمی چیف نے قومی کرکٹ ٹیم کو عمرے پر بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم ورک کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ پاکستان ہر خطرے کے خلاف متحد ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی ٹیم کو شکست دیکر فائنل پاکستان کے نام کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ ائرچیف سہیل امان نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ قومی ٹیم نے اس کامیابی کے ذریعے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے قومی کرکٹ ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے پیغام میں کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے فتح قوم کیلئے عید کا تحفہ ہے۔آصف زرداری، بلاول، سینیٹر سراج الحق اور قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شاندار فتح پر قوم اور قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے چیمپئن ٹرافی کے فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم کی بھارت کے خلاف فتح پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی کو ان کشمیریوں کے نام ہونا چاہئے جنہوں نے پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے جرم میں بھارتی فوج کے بدترین ظلم و جبر کا سامنا کیا۔کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ٹیم پاکستان کی فتح پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی پر کشمیر بھر میں ہر جانب آتشبازی کا مظاہرہ ہو رہا ہے جس سے عید سے پہلے عید ہو گئی ہے۔