مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج نے ایک اور نوجوان شہید کردیا ، مظالم کیخلاف مظاہرے

19 جون 2017

سری نگر(کے پی آئی+ نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں پلوامہ قصبے میں اعجاز احمد نامی شہری کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔ جنوبی کشمیر میں شہادتوں کے بعدشہر سرینگر اور دیگر کئی علاقوں میں کرفیو لگا دیا گیا ہے جبکہ کئی مقامات پر اتوار کے روز بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑ پوں میں متعدد شہری زخمی ہو گئے۔ ادھر عسکریت پسندوں نے جنوبی کشمیر کے بیج بہاڑہ قصبے میں فوجی کانوائے پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے ۔ جنوبی کشمیر کے بیج بہاڑہ قصبے اور ڈونی وارہ بڈگام میں عسکریت پسندوں کی طرف سے بھارتی فورسز پر فائرنگ کے بعد فوج نے بہاڑہ اور ڈونی وارہ بڈگام اور کئی دوسرے علاقوں کو محاصرے میں لے لیا ہے۔ اتوار کوکرفیو اور سخت ترین سیکورٹی کی وجہ سے شہر سرینگر اور دیگر کئی علاقوں میں ہزاروں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا بندوق یا فوج کے ذریعے کشمیر میں امن قائم نہیں ہوگا ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے حوا لے سے مذاکراتی عمل کی وکا لت کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسئلہ صرف بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔حریت قیادت سید علی گیلانی ، میرواعظ، یاسین ملک،شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان نے کہا ہمیں دبانے کے لیے ہمارے بچے مارے جارہے ہیں،نہتے عوام کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔سید علی گیلانی نے جموںمیں تراویح کے دوران ہلڑ بازی اور گالی گلوچ کرنے اور مسلمانوں کو ڈرانے، دھمکانے اور ہراساں کرنے پر اپنی گہری تشویش اور فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ سلسلہ فوری طور پر بند نہیں ہوا تو اس کے سنگین نتایج برآمد ہوں گے، جن کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
کشمیر