نواز شریف علاقائی سیاست کو پروان چڑھارہے ہیں‘مولا بخش چانڈیو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکر یٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک میں علاقائی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں،آپ جس راستے پر چل نکلے ہیں اس کا نقصان وفاق کو ہی ہوگا۔ وزیراعظم نے مخصوص ایجنڈا کی بات کی ہے ذرا ہمیں بھی بتائیں کہ یہ مخصوص ایجنڈا آخر ہے کیا۔اس ملک میں پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو کہ وفاق کی سلامتی کے لیے قربانیاں دیتی رہی ہے۔ وہ اتوار کوپیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے دی گئی افطاردعوت میں خطاب کر رہے تھے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکمرانوں کی چیخیں اٹھ رہی ہیں،وزیراعظم نے مخصوص ایجنڈا کی بات کی ہے ذرا ہمیں بھی بتائیں کہ یہ مخصوص ایجنڈا آخرہے کیا؟ انہوں نے کہا کہ آپ وزیراعظم ہیں پھر بھی سہمے سہمے سے ہیں۔آپ کی اپنی حکومت ہے اور آپ کہہ رہے ہو کہ آپ کا احتساب ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے زمانے میں جنرل پالیسی کے تحت کارخانے نیشنلائیز کیے گئے آپ کو سیاسی انتقام کا نشانہ نھیں بنایا گیا تھا۔عوام کو گمراہ کرنا چھوڑدیں۔احتساب تو ہمیشہ پیپلز پارٹی کاہوا ہے، لاکھوں کارکنان جیلوں میں تکلیفیں برداشت کرتے رہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ نے تو اس طرح جیل کی تکلیف کبھی دیکھی ہی نہیں ہیں۔آپ کو تو آپ کی اپنی مرضی سے باہر ملک بھیجا گیا۔چھوٹے صوبے کا کوئی رہنما آپ جیسی باتیں کرتا تو آج پتہ نہیں اس کا کیا حشرہوتا۔آپ سے پوچھ گچھ شروع ہوئی ہے تو آپ نے رونا شروع کردیا ہے۔پاکستان کو بچاناہے تو ملک کے آئین کاچہرہ چاروں صوبوں میں ایک جیسا ہونا چاہیے۔آپ صبح شام ملک کے اہم اداروں کے خلاف بولیں تو آپ کو کچھ نہیں ہوتا ہے،لیکن یہی باتیں کسی چھوٹے صوبے کا رہنما کرتا تو آج اس کو سبق بھی مل چکا ہوتا،وزیر اعظم آپ ملک میں علاقائی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں۔آپ جس راستے پر چل نکلے ہیں اس کا نقصان وفاق کوہی ہوگا۔اس ملک میں پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو کہ وفاق کی سلامتی کے لیے قربانیاں دیتی رہی ہیں۔ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس ملک میں امید نو بن کر ابھرے ہیں۔انشاللہ تعالیٰ بلاول بھٹو زرداری ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر لے چلیں گے۔
مولا بخش چانڈیو