رمضان میں ریلیف کیلئے وزیراعلیٰ کے اقدامات لائق تحسین ہیں: میاں عثمان

19 جون 2017

لاہور( خبرنگار)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی لاہور میاں عثمان نے کہا ہے کہ عوام کی طرف سے رمضان بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کے معیار اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار حکومت کی بڑی کامیابی ہے جس پر وزیراعلیٰ شہبازشریف خراج تحسین کے مستحق ہیں، عوام کے بھرپور تعاون اور نشاندہی کے باعث اوپن مارکیٹوں میں ناجائز منافع خوروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں مدد ملی اور جلد ایسے عناصر کا قلع قمع کر دیا جائے گا۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے اشیائے خوردو نوش کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے علاوہ خریداری کیلئے آنے والے شہریوں سے بھی آگاہی حاصل کی ۔جبکہ کئی سٹالوں پر معیار کے برعکس رکھے جانے والے پھل ہٹوا دیئے گئے لاکھوں کی تعداد میں عوام کا خریداری کیلئے رمضان بازاروں میں آنا حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔