تجارتی پالیسی پر نظرثانی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں: کارپٹ مینو فیکچررز

19 جون 2017
تجارتی پالیسی پر نظرثانی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں: کارپٹ مینو فیکچررز

لاہور (نیوزرپورٹر) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے تجارتی پالیسی پر نظرثانی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں مقابلے کے رجحان کو دیکھتے ہوئے مراعات اور دیگر اقدامات کا اعلان کرے گی ،پاکستانی مصنوعات کی بیرون ممالک تشہیر اور مارکیٹنگ کےلئے تمام سفارتخانوں کے کمرشل اتاشیوں کومتحرک کر کے ٹاسک سونپاجائے ،اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والی عالمی کارپٹ نمائش کی کامیابی سے مقامی انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوںنے مزید کہا کہ تجارتی خسارے کا دن بدن بڑھنا انتہائی تشویشناک ہے جس کےلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ حکومت کی طرف سے تجارتی پالیسی پر نظر ثانی کا فیصلہ خوش آئند ہے تاہم اسے از سر نو مرتب کرتے ہوئے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کی طرف سے دی جانے والی تجاویز کو ضرور مد نظر رکھا جائے۔
جس کے یقینی طو رپر مثبت نتائج برآمدہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ صرف پالیسی بنانے سے کامیابی نہیں مل سکتی بلکہ حکومت اپنی سرپرستی کرے اور سو فیصد نتائج حاصل کرنے کےلئے بھرپور مانیٹرنگ کی جائے۔