پی ایس 114: پی ٹی آئی نے الیکشن سے فرار کا منصوبہ بنا لیا‘ نجمی عالم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صدر کراچی ڈویژن نجمی عالم اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساند نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم دیکھ کر پی ٹی آئی نے الیکشن سے راہ فرار ہونے کا منصوبہ بنا لیا ہے اور وہ جھوٹے الزامات لگا کر الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں 9 جولائی کو ہر جانب تیر چلے گا‘ بلا ٹوٹ جائے گا‘ پتنگ کٹ جائے گی اور شیر بند ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی برگر کلاس لوگوں کی پارٹی ہے جنہیں عوامی مسائل اور مشکلات کا علم تک نہیں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی پی ایس 114میں انسانی مسیحا بننے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر سچ میں پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتیں پی ایس 114میں اتنی فعال ہے توانہیں اتنے بڑے علاقے میں ایک بھی قابل ورکر نہیں ملا جسے ٹکٹ دےا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ٹکٹ بھی ارب پتی شخص کو دے کر اپنی سوچ کی عکاسی کر دی ہے جبکہ پی ٹی آئی‘ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم (پاکستان) کے امیدواروں کا تعلق بھی پی ایس 114سے نہیں یہ سب امپورٹڈ لوگ ہے جو اس حلقہ میں امپورٹ کئے گئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا امیدوار سینیٹر سعید غنی کا آباﺅں اجداد سمیت آج تک اسی حلقہ سے تعلق ہے اور رہائش پذیر ہے۔