رمضان شریف کی 27ویں شب پاکستان کا قیام اللہ کا انعام ہے، راشد نسیم

19 جون 2017

کراچی(نیوز رپورٹر) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے رمضان شریف کی 27ویں شب پاکستان کا قیام اللہ کا انعام ہے، اسلامی حکومت کا قیام حضوراکرم ﷺکی سب سے بڑی سنت ہے، پاکستان کو حقیقی معنوں ٰ میں ایک اسلامی فلاحی وجمہوری ریاست کے قیام کیلئے جدوجہد ہر پاکستانی پر فرض ہے، یہی رمضان کا پیغام بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رضوان مسجد فیڈرل بی ایریا میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم نے مزید کہا کہ پاکستان انتھک محنت اور بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا، کلمہ طیبہ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں سیکولرازم کی کوئی گنجائش نہیں ہے،عاشقان رسول اور اہلیان پاکستان تحفظ ناموس رسالت قانون سے لیکر ملک کے اسلامی تشخص کو مٹانے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن سے پاک اور اسلامی پاکستان ہی ملکی سالمیت اورعوام کے تمام مسائل کے حل کا ضامن ہے۔