پاکستان کشمیر میں دراندازی بڑھا رہا ہے: راجناتھ سنگھ کا الزام
سرینگر( آن لائن ) بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے لداخ خطے میں چینی فوج کی دراندازی باعث تشویش ہے ، بھارت چین کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر مزید سخت اقدامات اٹھا رہا ہے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے چین کو مشورہ دیا ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی خود مختاری کا احترام کریں تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگلے دونوں دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ہونگے جس میں یہ معاملہ بیجنگ کے ساتھ اٹھایا جائیگا انہوں نے ڈوکلام میں چینی فوج کی دراندازی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے لداخ صوبے میں ڈوکلام میں چینی لبریشن آرمی کی جانب سے دراندازی کی جو اطلاعات ہیں وہ باعث تشویش ہیں کیونکہ ملکی سلامتی کے ساتھ کسی بھی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔ راجناتھ سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جن ممالک کے ساتھ بھی ہماری سرحدیں ہیں ان کے ساتھ بہتر تعلقات ہوں اور سرحدوں پر کشیدگی برقرار نہ رہے کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر سرحد پار کی دراندازی کو ختم کرنے کی کوشش تیز کی گئی ہے اور اس ضمن میں پاکستان اندر ہی اندر کشمیر میں دراندازی بڑھا رہا ہے انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کسی بھی طور پر دہشتگردی سے خود کو الگ نہیں کرپارہا ہے اور اب سرحد پار کے علاقوں میں لانچنگ پیڈ قائم کئے گئے ہیں جن پر جنگجوئوں کو تربیت دی جارہی ہے ۔