اقوام متحدہ میں تعینات نمائندوں پر امریکی پابندیاں غیر انسانی ہیں: ایرانی وزیر خارجہ
نیو یارک(صباح نیوز)ایران نے اقوام متحدہ میں تعینات ایرانی نمائندوں کیخلاف سفری پابندیاں لگانے کو غیر انسانی قرار دے دیا۔ نیویارک میں امریکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ امریکا کے فیصلے کے مطابق اقوام متحدہ میں تعینات ایرانی نمائندوں اور ان کے گھر والوں کی آمد و رفت پر پابندیاں لگادی گئیں ۔انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے نام مراسلے بھیجنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی وزیر اعظم نے اپنے حالیہ دورہ ایران کے موقع پر امریکی حکام کے پیغام کو زبانی بیان کیا،اس میں کوئی نئی بات نہیں۔انہوں نے ایرانی میزائل پروگرام سے متعلق کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کیخلاف مسلط کردہ جنگ کے تجربے کے پیش نظر ایرانی میزائل پروگرام،اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے لازمی ہے۔