کرپٹ سیاستدان ووٹوں نہیں نوٹوں کی وجہ سے گرفتار ہو رہے ہیں: صمصام بخاری
لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث سیاستدان ووٹوں نہیں نوٹوں کی وجہ سے گرفتار ہو رہے ہیں۔ نوازلیگ جتنا مرضی شور مچالے احتساب سے نہیں بچ سکتی۔ آخری کرپٹ کی گرفتاری تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اپنے ایک بیان میں سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ پاکستان اور کرپشن کسی قیمت پر ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ نوازلیگ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری بھی حکومت پر ڈالنا چاہتی ہے حالانکہ گرفتار ہونے والے سابق وزیراعظم اپنے اوپر کرپشن کے الزامات کی وجہ سے نیب کے شکنجے میں آئے ہیں۔ اپوزیشن رہنما پریس کانفرنسیں کرنے کی بجائے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں اور عوام کو گمراہ کرنے کی روش ترک کر کے اپنا حساب دیں۔ سید صمصام علی بخاری نے مزید کہا کہ چیئرمین سینٹ کے معاملے میں بھی حکومت سرخرو ہو گی۔ اپوزیشن اپنے منفی عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ محرم کے بعد لاک ڈائون کرنے کی دھمکی پوری نہیں ہو گی۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ کلبھوشن کیس میں پاکستان کو واضح فتح ہوئی۔ نوازشریف نے بطور وزیراعظم کبھی کلبھوشن کا نام تک نہ لیا۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو نمایاں سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم ی پنجاب کے تمام معاملات پر گہری نظر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔ حکومت درست سمت کا تعین کرتے ہوئے تمام چیلنجز کا بخوبی سامنا کر رہی ہے۔