تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات‘ ایپکا کی ملک گیر ہڑتال‘ احتجاجی مظاہرے
لاہور (سپیشل رپورٹر) ایپکاکی کال پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے خاطرخواہ اضافہ نہ کرنے اور ایڈہاک ریلیف الائونس 30فیصد کو موجودہ پے سکیل میں ضم کر کے نئے پے سکیل نہ بنانے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سے انکم ٹیکس کی کٹوتی اور چارٹر آف ڈیمانڈ پر وعدہ کے مطابق عمل درآمد نہ کرنے پر گزشتہ روز ملک کے 22لاکھ کلرکس و ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی‘ تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں تمام محکمہ جات کے کلرکس و ملازمین کا بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ میں جلسہ ہوا جس سے صوبائی صدر ایپکا پنجاب محمد سلطان مجددی ،چیئرمین میاں محمد فاضل، چوہدری عبدالشکور، نذر ڈار، صدر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ محمد افضل کمبوہ، صدر محکمہ تعلیم سید ندیم شاہ، صدر آرکیٹیکٹ ڈیپارٹمنٹ سید حسنین شاہ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری ملک ممتاز علی کھوکھرنے خطاب کیا۔ محمد سلطان مجددی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ہمارے مطالبات منظور‘ تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس کٹوتی بند کرنی ہو گی۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ملک بھر کے تمام دفاتر میں تالہ بندی کر کے سڑکوں کی بلاک کردیا جائے گا۔25 جولائی کو سیکرٹریٹ کا دوبارہ گھیرائو کریں گے۔ بعد میں بہت بڑا جلوس نکالا گیا اور سیکرٹریٹ، آئی جی آفس کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ملتان، بہاولپور، لودھراں، مظفر گڑھ ، لیہ ، ڈی جی خان ، اوکاڑہ ، پاکپتن ، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، نارووال ، گجرات اور اٹک سمیت دیگر اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہرے کیئے گئے۔ صوبہ سندھ میں کراچی، صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ اور صوبہ کے پی کے میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔