پولیس اہلکاروں کی اپیلوں پر یومیہ بنیادوں پر فیصلے ہورہے ہیں:ڈی آئی جی آپریشنز
لا ہو ر (نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ پولیس افسران واہلکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پراپیلوں کی شنوائی اورفیصلے کئے جار ہے ہیں۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور مسِ کنڈکٹ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے حوالے سے زیرو ٹالرنس ہو گا۔تمام پولیس افسران واہلکار ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے دیانت داری و ایمانداری سے اپنے فرائض ادا کریں۔کرپشن میں ملوث، غفلت برتنے ، بداخلاقی اور بد سلوکی کے مرتکب ملازمین کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے اڑھائی ماہ کے دوران پولیس افسران و اہلکاروں کی مختلف نوعیت کے معاملات میں کی جانے والی 67 اپیلوںپر فیصلے دیئے۔ اپیلوں میں سے39کومنظور جبکہ 28 کو مستردکر دیا گیا۔ منظور کی جانے والی اپیلوں میں سروس ضبطگی،انکریمنٹ روکنے اور جرمانہ کی اپیلیں شامل ہیںجن کے تحت ضبط شدہ سروس،انکریمنٹس بحال اور جرمانہ کی سزائیںمعاف کی گئیں۔