نشہ کے عادی ڈرائیور اور ٹریفک حادثات
بھٹ شاہ : کوسٹر اور ٹرالر میں خوفناک تصادم ‘ خواتین ‘ بچوں سمیت 20 باراتی جاں بحق‘ اس طرح کی خبریں آئے دن اخبارات کی شہ سرخیاں بنتی ہیں۔ عمومی طور پر حادثہ میں ملوث ڈرائیور ز نشہ میں دھت گاڑی چلاتے ہوئے پائے جاتے ہیں۔ ایک ڈرائیور کے نشہ کی لت قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن جاتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈرائیور لائسنس کے اجراء کے لئے قوانین پر سخت عمل درآمد کرایا جائے۔ پہلی ترجیح تو اس بات کی ہے کہ رشوت کے عوض ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کی روک تھام کی جائے اور خصوصی طور پر LTV اور HTVلائسنس کسی صورت میں رشوت کی بنیاد پر جاری نہ کئے جائیں اور ہو سکے تو ایسی قانون سازی کی جائے کہ کمرشل لائسنس نشے کے عادی افراد کو ہر گز نہ دیئے جائیں۔ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء سے پہلے ان کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا جائے اور آئندہ بھی اس علت میں ملوث ہونے پر ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی کی تنبیہ کی جائے اور ان سے تحریری ضمانت لی جائے۔ امید ہے آنے والی نئی حکومت اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرے گی ۔ ہماری ان ذمہ داران جو رشوت لے کر ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء کردیتے ہیں سے بھی استدعا ہے کہ اس خطرناک فعل سے ہر ممکن بچنے کی کوشش کریں۔ خدارا اس معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کریں اپنی اور اپنے ہموطنوں کی جان بچانے کا انتظام کریں۔(رابعہ گلزار -کراچی )