سازشی عناصر لیاری کا امن تباہ کررہے ہیں ، عذیر بلوچ
کراچی ( نمائندہ نوائے وقت ) سعدیہ الشباح فاﺅنڈیشن کے سربراہ سردار عذیر جان بلوچ نے کہا ہے کہ لیاری امن کا گہوارہ ہے لیکن کچھ سازشی عناصر منصوبہ بندی کے تحت اس کا امن خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہ فاﺅنڈیشن کے تحت مستحق افراد کو راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ثانیہ ناز بلوچ ، ظفر بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ سردار عذیر جان بلوچ نے کہا کہ سعدیہ الشباح فاﺅنڈیشن کے تحت اس رمضان المبارک میں 35ہزار مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا جارہا ہے انہو ںنے کہاکہ لیاری میں رہنے والے تمام بلوچ ،سندھی ، کچھی ، میانوالی ، پٹھان اور پنجابی آپس میں اتحاد و محبت سے رہ رہے ہیں لیکن چند شرپسند عناصر اس اتحاد کو خراب کرنے کی سازشیں کررہے ہیں انہو ںنے کہاکہ لیاری کے عوام پورے شہر میں امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کرینگے ۔ اس موقع پر ایم پی اے ثانیہ ناز بلوچ نے کہاکہ الفلاح روڈ پر راشن کی تقسیم سے ثابت ہوتا ہے کہ لیاری میں بسنے والوں کا آپس میں کوئی جھگڑا نہیں ہے بلکہ لیاری کا امن خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے انہو ںنے کہاکہ لیاری پیپلز پارٹی کے چاہنے والوں کا گڑھ ہے ہم یہا ںکی غریب عوام کی فلاح وبہبود کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔