70کروڑ کی لاگت سے 900کیمرے لگانے کاکام جاری ہے‘ہاشم زیدی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف اہم مقامات پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے منسلک 152 کیمرے بڑی کامیابی کے ساتھ کام کر رہے ہیں جبکہ ان کیمروں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جارہا ہے اور دیگر اہم مقامات پر 70 کروڑ روپے کی لاگت سے 900 مزید کیمرے لگانے کے لئے کام شروع کردیا گیا ہے تاکہ امن و امان کے قیام کے لئے شہر کی نگرانی موثر انداز میں انجام دی جاسکے یہ رقم گورنر پیکیج سے فراہم کی جائے گی یہ بات انہوں نے جمعرات کی سہ پہر سوک سینٹر کے سیمینار ہال میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب کا انعقاد کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے پانچ سال اور مرکزی کنٹرول روم 1339 کے تین سال کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے پر کیا گیا تھا اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر متانت علی خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے عارف راجن، شاہد منیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ایڈمنسٹریٹر سیدہاشم رضا زیدی نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور شہر کے انفراسٹرکچر کی حفاظت کے لئے سابق سٹی ناظم کے دور جنوری 2008 میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم 24 گھنٹے تین مختلف شفٹوں میں کام کررہا ہے جہاں مختلف شعبوں کے انجینئرز اور ٹیکنیشنز سمیت تقریباً 85 افراد پر مشتمل اسٹاف ہر وقت اپنے کام میں مصروف رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بہت عمدگی کے ساتھ کام کر رہا ہے جس کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے بتایا کہ کیمروں کی ورکنگ کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اپنا فائبر آپٹک سسٹم ہے لہٰذا مزید لگائے جانے والے نئے کیمروں کے لئے فائبر آپٹک کی مد میں کوئی کرایہ نہیں دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ایک میگا سٹی اور پاکستان کا فنانشل حب ہے یہاں امن و امان کا قیام انتہائی ضروری ہے تاکہ کراچی کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے ۔