نیشنل گیمز کا آڈٹ کرا کر اصل چہروں کو بے نقاب کیا جائے : افتخار الٰہی
نیشنل گیمز کا آڈٹ کرا کر اصل چہروں کو بے نقاب کیا جائے : افتخار الٰہی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سپورٹس ونگ کے صدر محمد افتخار الٰہی نے کہا ہے کہ ٹرانسپینسی کی دعوےدار حکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی نیشنل گیمز کا آڈٹ کرا کے عوام کے خون پسینے کی کمائی کا حساب لے سکے گی یا پھر پیس۔ کھانے والوں کو کھلی چھٹی دیدی جائے گی کہ وہ جو مرضی کریں ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات کی وضاحت کرے کہ دسمبر 2012ءمیں منعقد ہونے والے نیشنل گیمز جس پر سوا کروڑ روپے کے اخراجات بتائے جا رہے ہیں وہ درست تھیں یا پھر چھ ماہ بعد اسلام آباد میں 11 کروڑ روپے سے منعقد ہونے والی نیشنل گیمز درست تھیں۔ افتخار الٰہی نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملکی کھیلوں کی ترقی کے لئے جامع پروگرام ترتیب دے رکھا ہے جس میں کرپشن نام کی کوئی چیز نہیں تاہم اسلام آباد میں منعقد ہونے والی گیمز کا آڈٹ کرا کے اصل چہروں کو بے نقاب کیا جائے جنہوں نے عوامی پیسے کا بیدردی سے استعمال کرکے اپنی جیبوں کو بھرا ہے۔ افتخار الٰہی کا کہنا تھا کہ ایسی باتیں منظرعام پر آئی ہیں کہ نیشنل گیمز میں کھلاڑیوں کی تعداد اتنی زیادہ نہیں تھی جبکہ کاغذوں میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کی تعداد کو زیادہ ظاہر کرکے فنڈز خردبرد کئے گئے ہیں۔ افتخار الٰہی نے کہا کہ حکومت اگر ذمہ داران کا تعین نہیں کرتی تو پاکستان تحریک انصاف معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائے گی تاکہ عوام کی اصل حقائق کا علم ہو سکے جس پر حکومت نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ افتخار الٰہی نے کہا کہ کھیلوں میں چند مفادپرست عناصر عہدوں کے لالچ میں قومی کھیلوں کو تباہی کے دہانے پر لے جا رہے ہیں جو سراسر ناانصافی ہے۔