مشرف پر حملے کیلئے دہشت گرد اسلام آباد داخل ہو گئے‘ سکیورٹی ہائی الرٹ
لاہور (معین اظہر سے) سابق صدر مشرف پر حملہ کیلئے دہشت گرد اسلام آباد داخل ہو گئے ہیں‘ جس کے بعد وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آباد اور دیگر اداروں کو سابق صدر کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں‘ دہشت گرد ان کے گھر پر یا عدالت میں پیشی کے دوران شولڈر فائیر اینٹی ٹینک سسٹم سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے کرائسز مینجمنٹ سیل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسلام آباد شہر میں القاعدہ کی جانب سے جدید ترین سسٹم سے دہشت گردی ہو سکتی ہے‘ چند روز پہلے ایک الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد میں بینظیر بھٹو ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور دہشت گرد مسافروں کو یرغمال بنا کر خودکش حملہ کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد میں صدر‘ وزیر اعظم سمیت متعدد ملکی اور غیر ملکی شخصیات سفارتکار موجود ہیں۔ یہاں آج یا کل سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا جائے گا۔ فرید احمد خان ڈائریکٹر آپریشن کے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس جدید ترین اسلحہ ہے‘ جبکہ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق لیٹر کا مقصد سابق صدر کی عدالتوں میں پیشی کو روکنا ہے تاکہ ان کو کوئٹہ یا دیگر کسی جگہ پر عدالت میں پیش نہ کیا جا سکے۔ اس بارے میں جب وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا گیا تو کسی نے اس موضوع پر بات کرنے سے انکار کر دیا تاہم بعض ذرائع نے اس بات کی تردید کی کہ مشرف کی عدالتوں میں پیشی کو رکوانے کیلئے یہ لیٹر جاری کیا گیا۔