قومی ایوی ایشن پالیسی 120 روز، پی آئی اے کی نجکاری 6 ماہ میں کر دی جائیگی: شجاعت عظیم
اسلام آباد (نیشن رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کمرشل ایوی ایشن سیکٹر کی بحالی کیلئے قومی ایوی ایشن پالیسی اگلے 120 روز میں پیش کر دی جائیگی۔ اس پالیسی کے بعد تباہی کے دہانے پر کھڑے اس سیکٹر کی کارکردگی میں بہتری آ جائیگی۔ نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے چھ ماہ کے دوران پی آئی اے کی نجکاری کر دی جائیگی۔ انہوں نے ماضی میں ایوی ایشن محکمے سے خود کو نکالے جانے پر بھی شدید تنقید کی۔ شجاعت عظیم نے بتایا کہ میری دیانت دارانہ رائے میں حکومت پی آئی اے کے معاملات کو نجی تحویل میں دیئے بغیر اس میں اصلاح نہیں کر سکتی۔ یہ نہ کیا گیا تو ہم ہمیشہ کیلئے بیل آﺅٹ پیکیجز پر انحصار کرتے رہینگے۔ اس ضمن میں مختلف انٹرنیشنل کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔