بجلی کے معاملات ڈراﺅنا خواب بن چکے، تکلیف دہ آپریشن کرنا پڑے گا: خواجہ آصف
اسلام آباد (رائٹرز) وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بجلی کا بحران 3برس میں حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے ”رائٹر“ سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ بجلی کے حوالے سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ ڈراﺅنا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سرجری کرنے جا رہے ہیں جس میں مریض کو تکلیف ہو گی بہت تکلیف لیکن سرجری کے بعد جب مریض صحت مند ہو جائے گا تو وہ تسلیم کرے گا کہ آپریشن ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تھرمل بجلی پر انحصار بھی کم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیح 500ارب روپے کے گردشی قرضے کا خاتمہ اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انشاءاللہ 3برس میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیں گے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ بجلی بنانے کے لئے سستے ایندھن پر انحصار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بنانے اور اس کی تقسیم کے لئے پرائیویٹ کمپنیوں کو آگے لایا جانا چاہئے اور حکومت کو یہ سارا کام ان پر چھوڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ہم بجلی کے نرخ بڑھائیں گے۔ بڑے صارفین کے لئے سبسڈی ختم کر دی جائے گی تاہم چھوٹے اور غریب صارفین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔