مسیحی ایم پی اے پر باپ کے ساتھ مل کر چرچ کی اراضی پر قبضے کے الزامات
رائے ونڈ (نامہ نگار)ڈائسس آف رائے ونڈ کے وائس چیئرمین شوکت فیاض کے مطابق رائے ونڈ میں چرچ کی 276کنال اراضی پر مسیحی خاتون ایم پی اے میری گل نے باپ راجہ نتھا نیل گل کے ساتھ مل کر چرچ کی کروڑوں روپے کی ملکیتی اراضی اور زیر تعمیر ہسپتال پر قبضہ کررکھا ہے ،جس کے خلاف چرچ انتظامیہ اور مسیحی برادری کے سینکڑوں افراد نے جمعہ کے دن نواز شریف فارم پر احتجاج کیا۔ مذکورہ افراد کا مو¿قف تھا کہ قبضہ گروپ کو لیگی نشست پر ایم پی اے منتخب کرکے مسلم لیگ(ن) نے اپنے ہی اصولوں کی دھجیاں بکھیر دی ہیں،مسیحی رہنماﺅں نے بتایا نتھانیل گل فراڈیہ وکیل ہے جو اس سے قبل بھی کئی لوگوں کی زمینوں پر اسی طرح قبضے کرچکا ہے، چرچ پراپرٹی کے چیئرمین پادری یعقوب سیموئیل نے قبضہ واگزار کرانے کی اپیل کی ہے ۔اس سلسلے میںمسلم لیگ (ن) کی مسیحی خاتون ایم پی اے میری گل کے والد راجہ نتھانیل گل ایڈووکیٹ نے کہا وہ رائے ونڈچرچ کی 276کنال اراضی کے گارڈین ہیں جو عرصہ دراز سے ٹھیکہ پر دے رکھی ہے ،لیکن ان کے مخالفین جن پر ان کی بیوی کے قتل کا الزام ہے، ان کی بیوی کے قتل کا قصاص دینے کی بجائے ان کی بیٹی میری گل کو اس معاملہ میں خوامخوا گھسیٹ رہے ہیں،چرچ کمیٹی کے ارکان اور سابق وزیر سے کئے وعدے کے مطابق یکم نومبر کو اراضی شوکت فیاض وغیرہ چرچ انتظامیہ کے حوالے کررہاہوں لیکن یہ لوگ مجھے ذ ہنی طور پر پریشان اور میری بیٹی کی سیاسی ساکھ کو متاثر کرنے کیلئے سارا ڈرامہ کررہے ہیں تاکہ کسی طرح قصاص کی رقم ڈکار سکیں۔ رائے ونڈ چرچ کے سامنے لب سڑک 276کنال اراضی چرچ کے انتظامات چلانے کیلئے چرچ آف پاکستان ڈائسس آف رائے ونڈ نے رائے ونڈ چرچ کو وقف کی ہوئی ہے ،جس پر چرچ انتظامیہ کی اجازت سے ملازمین مزارع بن کر کاشت کرتے رہے بعد ازاں سکول اور ہسپتال بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ،لیکن مزارعین نے بدنیتی سے اس جگہ پر قبضہ کرلیا،لیکن کچھ عرصہ بعد ادارہ نے قبضہ واپس لے لیا ،سات سال قبل چرچ کے لیگل ایڈوائزر راجہ نتھایل نے زمین پر قبضہ کرلیا ،جو تاحال ان کے پاس ہے اور تنازع عدالت میں ہے، اس زمین پر قبضہ کے تنازع پر دوافراد قتل بھی ہوچکے ہیں،زمین کی ملکیت 25کروڑ سے زائد ہے ۔