دسمبر میں بلدیاتی الیکشن کرا سکتے ہیں: رانا ثنائ، 6ماہ دیئے جائیں: قائم علی شاہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں۔ تیس روز میں پنجاب اسمبلی سے بلدیاتی قانون منظور کرا لیا جائے گا۔ قانون سازی کے بعد بلدیاتی انتخابات کے لئے درخواست دیں گے۔ سپریم کورٹ نے ستمبر، اکتوبر کی ڈیڈ لائن نہیں دی۔ بلدیاتی حلقہ بندیوں کے لئے 3سے 4ماہ درکار ہیں۔ دسمبر میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے قابل ہوں گے۔ الیکشن کمشن حلقہ بندیاں کر کے الیکشن کا اعلان کرے تو اعتراض نہیں۔ گذشتہ دور میں ساڑھے 3کروڑ ووٹ جعلی تھے۔ الیکشن کیسے کراتے۔ پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے گی، حکومت جلد از جلد صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے۔ پنجاب اسمبلی سے بلدیاتی نظام کی منظوری کیلئے اجلاس آئندہ ہفتے بلایا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تقریبا کام مکمل کر لیا ہے اور ہم پنجاب اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان سمیت جس سے ضروری ہوا مشاورت کرکے ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جو قومی امنگوں کے مطابق اور اس سے عوام کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل ہو سکیں گے۔ محکمہ قانون نے اسمبلی اجلاس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کو سمری بھی ارسال کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے کہ بلدیاتی الیکشن کے لئے 6ماہ کا وقت دیا جائے۔ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ جے یو آئی کے رہنما مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا ماحول نہیں۔ بلدیاتی انتخابات کرانے میں کئی چیلنجز بھی درپیش ہیں۔ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے ہمارے پاس اب تک کوئی پالیسی نہیں۔ عوام مقامات، مساجد اور جنازے تک محفوظ نہیں۔ ایسے حالات میں بلدیاتی انتخابات کیوں کر ممکن ہوں گے۔ عام انتخابات پر بھی تمام جماعتوں نے دھاندلی کی شکایت کی تھی۔ دریں اثناءوزیر بلدیات خیبر پی کے عنایت اللہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کے اکثر نکات پر اتفاق رائے ہے نئے بلدیاتی نظام کے مجوزہ ڈھانچے پر مشاورت کر رہے ہیں۔ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات اکتوبر یا نومبر میں کرائے جائیں گے۔ خیبر پی کے حکومت نچلی سطح پر ولیج کونسلوں کا قیام عمل میں لائے گا۔