مقبوضہ کشمیر : امام مسجد کی شہادت کیخلاف احتجاج‘ بھارتی فوج کی نہتے مظاہرین پر فائرنگ‘ 6 شہید
سر ی نگر(نیوز ایجنسیاں + اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع رام بن کے علاقے گول میں گزشتہ شب بے لگام بھارتی فوجیوں نے نمازِ تراویح کے دوران مسجد اور قرآن پاک کی بے حرمتی،ا مام مسجد کوشہید کردیا، نمازیوں پرتشدد کیا،واقعہ کے خلاف علاقے میں زبردست احتجاجی مظاہر ے ہوئے، مشتعل ہجوم نے بی ایس ایف کے کیمپ پرحملہ کیا اور جلوس نکالا۔ فوج اورریاستی پولیس کی مظاہرین پربلااشتعال فائرنگ سے 6شہری شہید،جھڑپوں میں فوجی اہلکارو ں سمیت 40سے زائدافرادزخمی ہوگئے ،علاقے میں صورتحا ل انتہائی کشیدہ ہے، ادھرحریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے آج جمعہ کو وادی بھر میں مکمل ہڑتال اور مظاہروں کی کال دے دی۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع رام بن کے علاقے گول میں بدھ کی رات نمازِ تراویح کے دوران بھارتی بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار ایک مسجد میں گھس گئے امام کو زدوکوب کیا اور بعد میں اسے گولی مار کر شہید کردیا جبکہ نمازیوں کوبھی تشددکانشانہ بنایا۔ اس واقعہ کے خلاف شدیدردعمل سامنے آیااور جمعرات جوزبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور مقامی لوگوں نے جلوس نکالا اور مظاہرے کیے۔اس دوران مشتعل ہجوم نے بی ایس ایف کے کیمپ پرحملہ بھی کیابھارت کے مرکزی وزیرداخلہ سوشیل کمارشنڈے نے اس واقعہ کی تحقیقات کاحکم دے دیاہے۔ چھ شہریوں کی شہاد ت کے خلاف جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں بانی ہال، بادر واہ، کاشت واڑ، ڈوڈا اور قاضی گنڈ میں کشیدگی پھیل گئی ۔دوسری جانب بزرگ حریت رہنماءسیدعلی شاہ گیلانی نے آج جمعہ سے تین رو ز ہ احتجاجی ہڑتال کی کال دی جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس (میرواعظ گروپ )کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق اورلبریشن فرنٹ نے آج نما زجمعہ کے بعدہڑتال کی اپیل ہے۔ اے پی اے کے مطابق بھارتی فوجیوں نے مسجد میں گھس کر فائرنگ کی۔ عمر عبداللہ نے وارننگ دی ریاست میں صورتحال پھر بگڑنے کا خدشہ ہے ۔ دریں اثناءپامپور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف امراض قلب کے ماہر شیخ جلال الدین زخمی اور ان کے2 محافظ پولیس اہلکار مارے گئے۔ سرینگر میں پولیس وین پر دستی بم کے حملے سے حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کا سابق ذاتی محافظ شکیل بشیر اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 7 زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں کشمیر ی آج دنیا بھر میں الحاق پاکستان منائیں گے۔ لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعةالدعوةنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے امام مسجد سمیت دیگر نہتے کشمیریوں کی شہادت اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا‘ لاہور میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیا جائےگا۔ حافظ محمد سعید نے پاکستانی قوم سے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ لاہور، فیصل آباد،مظفر آباد،کراچی، اسلام آباد،ملتان ،گوجرانولہ سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جن میں طلبائ،وکلائ، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔جمعة المبارک کو مساجد کے باہر بھی پر امن مظاہرے کئے جائیں گے اور خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔