بلدیاتی انتخابات میں معذور افراد کو بھی مخصوص نشستوں پر نمائندگی دی جائے
ملتان (لیڈی رپورٹر) بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں جس سے گراس روٹ لیول پر عوام کے بنیادی مسائل حل ہوتے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ بلدیاتی انتخابات کروا کر عوام کے نمائندوں کو عوام کی خدمت کا موقع دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار تمکینہ زاہد نے نوائے وقت فورم میں بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی کی چیئرپرسن زاہدہ حمید قریشی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوام الناس کو تعلیم و صحت کی بنیادی سہولتوں تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔ نیز بلدیاتی نظام میں جو مسائل ہیں انہیں بھی دور کیا جانا چاہئے تاکہ خواتین کی نمائندہ اپنے حق کا صحیح استعمال کر سکیں۔ سحر سائرہ ریحانہ اور عقیلہ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین ورکرز کو اعزازئیہ دیا جانا چاہئے تاکہ ان کا معاشی استحصال نہ ہو اور وہ اپنی صلاحیتوں سے قوم و ملک کی بہتر خدمت کر سکیں۔