ٹریفک حادثات میں انجینئرنگ کا طالبعلم جاں بحق‘ 15 افراد زخمی
لاہور‘ فیروزوالا (نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں انجینئرنگ کا طالبعلم جاں بحق‘ 15 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی۔ ماڈل ٹاﺅن کے علاقہ میں تیزرفتار بس نے بے قابو ہوکر موٹرسائیکل سوار انجینئرنگ کے طالبعلم کو ٹکر مار کر ہلاک کر دیا۔ ٹاﺅن شپ کا رہائشی محمد طلحہ انجینئرنگ کا طالبعلم تھا اور اپنے والدین کی اکلوتی نرینہ اولاد تھا۔ گزشتہ روز وہ موٹرسائیکل پر ماڈل ٹاﺅن کے علاقہ کلب چوک کے قریب جا رہا تھا کہ اسے تیزرفتار بس نے بے قابو ہوکر کچل کر شدید زخمی کر دیا۔ زخمی محمد طلحہ کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ بھاٹی گیٹ کے علاقہ سے 45 سالہ نامعلوم شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ جی ٹی روڈ پر مسافروں سے بھری ہوئی بس الٹنے سے 15 افراد زخمی ہو گئے۔ بس سیالکوٹ جا رہی تھی۔ کٹھیار سٹاپ کے قریب پہنچی تو اچانک آگے ٹریکٹر ٹرالی آگئی جس سے ٹکرانے کے بعد الٹ کر راجباہ میں جاگری۔ بس سوار تقریباً پندرہ مسافر زخمی ہو گئے۔