وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہاکہ کشمیر پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔حکومت پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر بڑی واضح پالیسی ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ ہیں۔ کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی طرف سے دیئے جانیوالے عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر امور کشمیر نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد کو آگے بڑھائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔اہل کشمیر کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف کا پیغام لے کر آیا ہوں کہ اہل کشمیر کے ساتھ جئیں گے۔
وزیراعظم میاں نوازشریف کی کابینہ کے فاضل رکن نے کشمیر کے حوالے سے جو کچھ کہا وہ ہر محب وطن پاکستانی کے دل کی آواز ہے لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ کشمیر کے حوالے سے حکمرانوں اور عوام کے جذبات میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ وزیر موصوف نے آزادکشمیر کی سرزمین پر کھڑے ہو کر آزاد خطے کے وزیراعظم کے مہمان کے طور پر جو کہا اسکی حیثیت جذباتیت سے زیادہ معلوم نہیں ہوتی۔ اگر کشمیر انکی قیادت کے ایمان کے حصے کا درجہ رکھتی تو میاں نوازشریف کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے بھارت کیلئے ریشہ خطمی نہ ہو رہے ہوتے۔ قائداعظمؒ نے جس خطے کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا حکمران اس شہ رگ پر قابض بھارت سے تجارت، تعلقات اور دوستی کیلئے بے قرار ہیں۔ برجیس طاہر نے تقریب میں فرمایا‘ وہ نوازشریف کا پیغام لے کر آئے ہیں کہ کشمیریوں کیساتھ جئیں گے۔ میاں نوازشریف اس طرح کے جذبات بھارت کیلئے رکھتے ہیں جس کا برملا اظہار کرنے سے بھی دریغ اور گریز نہیں کرتے۔ مذکورہ پیغام بھارت کیلئے تو نہیں تھا جو موصوف وزیر کشمیر کے وزیراعظم کو دے آئے؟ خدا کرے کہ حکومت کی کشمیر کے حوالے سے وہی پالیسی ہو جس کا اظہار برجیس طاہر نے آزادکشمیر میں جا کر کیا ہے۔
یران-اسرائیل کشیدگی اور مہنگائی کی لہر
Apr 15, 2024