الطاف نے عشرت العباد کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کی ہدایت کر دی

19 جولائی 2011
کراچی (سالک مجید / وقائع نگار + مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ گورنر کی صورت میں دوبارہ حکومت میں شامل ہونے پر تیار ہو گئی‘ صدر آصف علی زرداری کے ساتھ رابطے کے بعد الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کو فوری طور پر کراچی پہنچ کر گورنر سندھ کی حیثیت سے فرائض سنبھالنے کی ہدایت کر دی ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد آج کراچی پہنچ کر اپنا عہدہ دوبارہ سنبھال لیں گے۔ عشرت العباد کو لینے کے لئے صدر کا طیارہ دبئی چلا گیا ہے۔ الطاف حسین اور صدر آصف علی زرداری کی ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران ملک اور سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد کو ہدایت کی کہ وہ صدر آصف علی زرداری کی ہدایت کی روشنی میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل جل کر ملک اور سندھ کے بہترین مفاد میں کام کریں۔ گورنر سندھ صوبے میں استحکام کےلئے م¶ثر کردار ادا کریں گے، تعلقات بدلنے اور استوار کرنے میں فعال کردار ادا کریں گے۔ اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ نے حکومت کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی کابینہ سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا اعلان کیا تھا اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے نہ صرف گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا تھا بلکہ ابھی تک متحدہ کے وزرا کے استعفے بھی منظور نہیں کئے گئے۔ باخبر ذرائع کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی واپسی کےلئے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت کے علاوہ خود پیپلز پارٹی کے وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے اہم کردار ادا کیا جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور خلیجی ممالک کی اہم شخصیات بھی متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کی حکومت کے درمیان مفاہمت کی کوششوں میں شامل ہیں۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کو قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ صوبے اور ملک کیلئے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد صبح ساڑھے 4 بجے امارات ایئر لائن سے کراچی پہنچیں گے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان آج منگل صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور ان سے ملک و صوبہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ نئے وزیر داخلہ سندھ منظور وسان بھی گورنر سندھ کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ لندن سے جاری اعلامیہ میں بھی کہا گیا ہے کہ الطاف نے عشرت العباد کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان ایم کیو ایم نے تصدیق کی ہے کہ الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد کو کراچی پہنچ کر گورنر کے عہدے پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان گفتگو کے بعد انہیں گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کا پیغام موصول ہوا ہے۔ عشرت العباد نے بتایا کہ ان کا عملہ وطن واپسی کے لئے فلائٹ شیڈول تیار کر رہا ہے اور وہ جلد وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ ادھر وزیر داخلہ منظور و سان نے کہا ہے کہ میرا خواب پورا ہو گیا‘ میرا خواب کبھی غلط نہیں ہوتا۔ رات کو سو¶ں گا اور پھر اگلا خواب دیکھوں گا۔ پی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد آج عہدہ سنبھالیں گے۔ ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ سیاست ممکنات کا نام ہے‘ ہمارے مطالبات صوبے کے عوام کے مطالبات تھے۔ اے این پی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کا عہدہ سنبھالنا کراچی کے امن کی طرف اہم پیشرفت ہے۔ امید تھی کہ ایم کیو ایم فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔ صدر آصف زرداری نے الطاف حسین کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عشرت العباد کا عہدہ سنبھالنے سے جمہوریت مستحکم ہو گی۔ الطاف حسین کے فیصلے سے مفاہمت بڑھے گی اور جمہوریت مزید مستحکم ہو گی۔ اسلام آباد سے سپیشل رپورٹ کے مطابق ایوان صدر کے ترجمان نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی جانب سے انہیں عہدہ سنبھالنے کی ہدایت خوش آئند ہے‘ صوبے میں امن کا نیا دور شروع ہو گا۔ یہ ایک نیک شگون ہے۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ عشرت العباد کے استعفعے سے خلاف پیدا ہو گیا ہے جسے پُر کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گورنر عشرت العباد کی واپسی پر پروٹوکول کے انتظامات مکمل ک ر لئے گئے ہیں۔ گورنر سندھ آج متحدہ کے وزرا کے استعفوں کا فیصلہ کریں گے۔ متحدہ کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام ارکان کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ سینٹ‘ قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ الطاف حسین نے وفاقی حکومت کی درخواست پر فیصلہ کیا۔ احسن اقبال کا تبصرہ ہمارے لئے حیران کن ہے۔ دریں اثناءذرائع کے مطابق عشرت العباد کو رات فلائٹ نہ مل سکی وہ آج علی الصبح کراچی پہنچیں گے۔ متحدہ کے رہنما رضا ہارون نے کہا کہ قومی معاملات میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ صدر زرداری کے الطاف کو فون کے بعد حالات میں تبدیلی آئی‘ تمام سیاسی جماعتوں‘ مذہبی رہنما¶ں اور دیگر شعبہ زندگی کے کہنے پر دوبارہ گورنری قبول کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) والے دوست ہیں ان سے بات کریں گے انہیں بتائیں گے کہ ہم اپوزیشن میں ہی ہیں۔ حیدر عباس نے کہا کہ کمشنری نظام کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے‘ فیصلے کے خلاف عدالتوں میں جائیں گے۔ اے این پی سندھ کے رہنما شاہی سید نے کہا ہے کہ انہیں توقع تھی کہ ایم کیو ایم واپس آئے گی‘ عشرت العباد کا دوبارہ گورنری کا عہدہ سنبھالا اہم پیشرفت ہے‘ صوبے میں خاص طور پر کراچی میں امن و امان بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ایم کیو ایم نے شاندار استقبال کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈکٹر عشرت العباد فوری واپس آنا چاہتے تھے تاہم دبئی سے پاکستان آنے والی پرواز میں انہیں ان کے سٹاف کو سیٹیں نہیں ملیں جس کے بعد صدر زرداری نے اپنا خصوصی طیارہ بھجوا دیا۔ ایم کیو ایم ثابت کرنا چاہتی ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کی واپسی کا فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کراچی پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق وہ کراچی میں قیام امن کے دوران ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو جائیں گے اور رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کو پیر کی شب ٹیلیفون کر کے گورنر سندھ کا عہدہ دوبارہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ‘ ٹیلیفونک گفتگو میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کا دوبارہ گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنا تعمیری اور مثبت قدم ہے‘ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بحیثیت گورنر ماضی میں بھرپور اور مثبت کردار ادا کیا‘ وہ ایک مرتبہ پھر صوبہ سندھ میں ہم آہنگی اور یگانگت کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔