اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ہفتہ کو اسلام آباد میں سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان جاری اور مستقبل کے منصوبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران احسن اقبال نے وژن 2035ء کے اقدام پر روشنی ڈالی جو پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کے لیے سٹریٹجک روڈ میپ کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بنیادی تعلیم سے محرومی کے خاتمے کی کوششوں، تعلیم، صحت اور انسانی وسائل میں استعداد بڑھانے کیلئے صوبائی تعاون اور اعلیٰ تعلیم کے لیے بجٹ میں نمایاں اضافے پر بھی روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اعلیٰ تعلیم کے نصاب کو جدید بنانے اور یونیورسٹی کے طلباء کو ہنر مند بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ جین میریٹ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو بھی مبارکباد دی اور 5Es کے ٹارگٹڈ فریم ورک کے ذریعے اہم اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے یوران پاکستان نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان کی تیاری کے لیے ان کی پوری ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملاقات کے دوران بتایا کہ اقتصادی حکمت عملی کا مقصد پاکستان کی معیشت کی بحالی، پائیدار ترقی کو فروغ دینا اور جامع ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔ دونوں فریقوں کی جانب سے مضبوط تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی ترقی اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہوا۔
احسن اقبال سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، منصوبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال
Jan 19, 2025