
کراچی کے علاقے ڈسٹرکٹ ملیر گڈاپ میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن منشیات فروشی کے حوالے سے مشہور علاقے کوچی کیمپ میں کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی، تلاشی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران مشتبہ کیمیکل پاؤڈر برآمد کیے گئے جبکہ آپریشن کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔پولیس نے بتایا کہ مشتبہ افراد کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا گیا۔ آپریشن کے دوران علاقے کا محاصرہ کرکے داخلی خارجی راستے سیل رکھے گئے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی کراچی میں کلفٹن پولیس کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب موٹرسائیکل لفٹر کو گرفتار کیا گیا جبکہ گرفتار ملزم رضوان سے 8 موٹرسائیکلیں بھی برآمد کرلیں۔اے ایس پی درخشاں کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق بین الصوبائی لفٹنگ گروہ سے ہے جبکہ برآمد موٹرسائیکلیں ڈیفنس اور کورنگی سے چوری کی گئیں۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کی جانب سے پوش علاقوں میں وارداتوں کا انکشاف بھی کیا گیا جبکہ گرفتار ملزم کا سابقہ ریکارڈ سی آر او سے چیک کیا جارہا ہے۔