
قومی اسمبلی کے اجلاس میں ملک میں یوریا کھاد کی عدم دستیابی کے مسئلے پر اپوزیشن نے بھرپور آواز بلند کی۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار عالیہ حمزہ کی جانب سے دیئے گئے جواب پر بھی اپوزیشن مطمئن نہ ہوئی تو پینل آف چئیرکے رکن امجد نیازی نے بتایا کہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کو بلایا گیا ہے وہ خود اس مسئلے پر بیان دیں گے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار عالیہ حمزہ نے اجلاس کے دوران یو ریا کھاد کی قلت پر نئی ’’منطق‘‘پیش کر دی۔ بولیں! ملک میں یو ریا کھاد کی فروخت گزشتہ سال کی نسبت 5 فیصد زیادہ ہوئی ہے۔ کسانوں نے زیادہ کھاد خریدی ہے جس کی وجہ سے کھاد کی قلت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن چوہدری اشرف نے یو ریا کی عدم دستیابی کے مسئلے کو اٹھایا بولے!کسان مجبور ہو کر چیخ وپکار کر رہا ہے۔ اس پر توجہ دیں، اجلاس کے دوران چیئرمین نے ایوان میں حاجی ہدایت اللہ کو فون استعمال کرنے سے رو ک دیا اور بولے! موبائل ضبط کرلوں گا۔